چنڈی گڑھ،16/ نومبر (آئی این ایس انڈیا) پنجاب حکومت نے اپنی ریاست کے طلباء کے لیے ایک کیریئر پورٹل شروع کیا ہے۔ جس کی مدد سے طلباء اب گھر بیٹھے کاؤنسلنگ، کورسز، اسکالرشپ سے متعلق تمام اہم معلومات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔ اس پورٹل کو پنجاب کے وزیر تعلیم پرگٹ سنگھ نے شروع کیا ہے۔ ریاست میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پنجاب کے وزیر تعلیم پرگٹ سنگھ نے اس پورٹل کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی اور امید ظاہر کی کہ اس پورٹل کی مدد سے ریاست کے بچے صحیح کیریئر کا انتخاب کرنے میں مدد حاصل کر سکیں گے۔وزیر تعلیم پرگٹ سنگھ نے کہا کہ پنجاب میں بے روزگاری کے مسئلے کے پیچھے ایک اہم وجہ بچوں کا کیریئر کا صحیح انتخاب نہ کرنا ہے۔ اگر طلباء کو صحیح وقت پر کیریئر گائیڈنس مل جائے تو وہ اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین کام کر سکتے ہیں۔وزیر نے مزید کہا کہ یہ پورٹل محکمہ تعلیم کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔ یہ پورٹل طلباء کو مختلف آن لائن کورسز، اسکالرشپ اور پیشہ ورانہ کورسز کے بارے میں رہنمائی کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کی مدد سے 10 لاکھ طلباء گھر بیٹھے کیریئر کاؤنسلنگ، کورسز اور اسکالرشپ کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اس پورٹل کو شروع کرنے کا مقصد ریاست کے اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔